کیا مسٹر بیسٹ نے یوٹیوب کو خیر باد کہہ دیا؟ حقیقت سامنے آ گئی
دنیا کے مقبول ترین یوٹیوبر جمی ڈونلڈسن، جو مسٹر بیسٹ کے نام سے مشہور ہیں، کے ایک حالیہ اعلان نے سوشل میڈیا پر کھلبلی مچا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یکم اپریل کو اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے جاری کردہ پیغام میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ اپنا یوٹیوب چینل حذف کرنے جا رہے ہیں، جس نے ان کے کروڑوں مداحوں کو شش و پنج میں مبتلا کر دیا۔
مسٹر بیسٹ نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا جس میں انہوں نے یوٹیوب سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا عندیہ دیا تھا۔
474 ملین سے زائد سبسکرائبرز کے ساتھ دنیا کے سب سے بڑے انفرادی مواد تخلیق کارکے اس اچانک بیان نے عالمی سطح پر تشویش کی لہر دوڑا دی، کیونکہ وہ اپنے مہنگے ترین اسٹنٹس اور بڑے پیمانے پر فلاحی کاموں کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں۔
اس اعلان کے ساتھ ہی مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بحث چھڑ گئی اور مداحوں کی جانب سے حیرت و پریشانی کا اظہار کیا جانے لگا۔ جہاں کئی صارفین اسے یوٹیوب کی دنیا کے لیے ایک عہد کا خاتمہ قرار دے رہے تھے، وہی بہت سے لوگ اس خبر کی صداقت جاننے کے لیے بے چین نظر آئے۔
تاہم، جلد ہی یہ حقیقت سامنے آگئی کہ یہ محض اپریل فول کے موقع پر کیا گیا ایک مذاق تھا۔ واضح رہے کہ مسٹر بیسٹ ماضی میں بھی یکم اپریل کو اس نوعیت کے سنسنی خیز پرینکس کرنے کی شہرت رکھتے ہیں، جن کا مقصد اپنے فالوورز کو حیران کرنا ہوتا ہے۔
حقائق واضح ہونے پر جہاں بیشتر مداحوں نے اطمینان کا اظہار کیا، وہیں بعض صارفین نے اسے غیر ضروری قرار دیتے ہوئے تنقید بھی کی کہ ایسے مذاق سے لاکھوں لوگوں میں بلاوجہ بے چینی پھیلتی ہے۔
اس کے باوجود، مسٹر بیسٹ کا یہ اقدام سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بنا رہا اور ایک بار پھر ثابت ہوا کہ وہ ڈیجیٹل دنیا کی توجہ حاصل کرنے کے ماہر ہیں۔